واٹس ایپ پر رابطے کے لیے نمبر کی ضرورت ختم

1151

مقبول ترین رابطہ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے ایسا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے جو بلاشبہ صارفین کی بڑی مشکل حل کردے گا۔

غیر ملکی خبرمیڈیا کے مطابق میٹا کے زیر انتظام واٹس ایپ استعمال کرنے والے لوگ بعض اوقات کئی اجنبی افراد کے ساتھ اپنا فون نمبر شیئر کرنے سے گھبراتے ہیں ،کیونکہ انہیں اس بات ڈر ہوتا ہے کہ ان کا دیا ہوا نمبر کا کسی بھی طرح کا استعمال کیا جاسکتا ہے جو ان کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

واٹس ایپ اپنے صارفین کی اس پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایسا فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے جو فون نمبر کے بغیر لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور ویب صارفین کے لیے واٹس ایپ میں یوزر نیم فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے ،جس ہر صارف اپنا ایک یوزر نیم تیار کر کے اسے دوستوں، گھر والوں کے ساتھ رابطے میں استعمال کر سکے گا۔
کوئی بھی صارف جب اپنا یوزر نیم تیار کر لے گا تو اس کا فون نمبر دیگر افراد کی نظروں سے اوجھل ہو جائے گا جس سے صارفین کی سیکیورٹی زیادہ مضبوط ہو جائے گی۔مذکورہ فیچر کچھ عرصے پہلے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا تاہم اب اسے واٹس ایپ کے ویب ورژن کے بیٹا ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یعنی جس طرح کسی بھی فیس بک یا ٹوئٹر اکائونٹ پر یوزر نیم لکھ کر کسی بھی فرد کو تلاش کیا جا سکتا ہے اور اسی فیچر کے تحت واٹس ایپ پر یوزر نیم سے ہی لوگوں کو تلاش کیا جا سکے گا۔اگرچہ مذکورہ فیچر کو سیکیورٹی کے پیش نظر متعارف کرایا جا رہا ہے تاہم یہ بعض صارفین کے لیے خطرہ بھی ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ ہر کوئی انہیں ان کے نام سے تلاش کرکے ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔

اس فیچر کے تحت صارف کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے نام کے بجائے کسی بھی نام یا الفاظ سمیت اعداد سے اپنا یوزر نیم بنائے ساتھ ہی صارفین کو بار بار یوزر نیم تبدیل کرنے کی آسانی بھی فراہم کی جائے گی۔یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ فیچر کو کب تک پیش کیا جائے گا تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ چند ماہ کے دوران پیش کردیا جائے گا۔